مجھے توکیا ہم سبھی کو روتا بسورتا منہ کتنا برا لگتا ہے ۔جبکہ برمحل مسکراہٹ اور خوشگوار موڈ ہر کسی کو بھاتا ہے ۔ہمیں تو پہلےمسکرانے کے دو تین فوائد ہی معلوم تھے لیکن جب ہم نے کئی کتابوں کا مطالعہ کرنے اور ریسرچ کرنے کی زحمت گوارا کرہی لی تو سوچا کہ کیوں نہ اس پر ایک بلاگ ہی لکھ دیا جائے ، اب ہمیں یہ بھی معلوم ہے کہ اس کو پڑھنے کے بعد آپ کو بھی مسکرانے کی کوئی نہ کوئی وجہ مل ہی جائے گی ۔
مسکراہٹ صرف اوپری احساسات کا نام نہیں ہے بلکہ اس سے ہمارے مسلز متحرک رہتے ہیں جن کی کم ازکم تعداد بھی 5 سے 53 تک ہوتی ہے ۔
مسکراہٹ چہرے کی قدر وقیمت میں اضافے کا باعث ہے ۔ اگر یہ کہیں کہ مسکرانے کی بالکل وہی اہمیت ہے جو کسی عمارت کے اندرایک کھڑکی کی ہوتی ہے تو بالکل غلط نہیں ۔ جب ہماراچہرہ ہنستا مسکراتا ہوتا ہے تو خود بخود ہی دوسرے لوگ ہماری طرف متوجہ ہونے لگتے ہیں جس کی وجہ یہ ہے کہ ہم سب لوگ خوشی کے متلاشی ہوتے ہیں ۔مسکرانے سے ہمارے مسلز مضبوط ہوتے ہیں ۔
مسکراہٹ مثبت شخصیت کو ظاہر کرتی ہے ۔
مسکراہٹ سے یہ علم ہوتا ہے کہ ہم زندگی کو مثبت انداز سے دیکھنے کے عادی ہیں ، مشکلات کا مقابلہ حوصلے سے کرتے ہیں ۔ کہا جاتا ہے کہ کامیاب لوگ ہمیشہ اپنے رویےکو بہتربنانے اور لوگوں کیساتھ بہترین ڈیلنگ کے لئے مسکراہٹ کو اپنا ہتھیار بناتے ہیں ۔
مسکراہٹ تنقید کا سامنا کرنے میں مددگار ہوتی ہے ۔
دنیا میں سچ پوچھیں تو کوئی آپ کو خوش نہیں دیکھ سکتا ماسوائے چند ایک لوگوں کے ۔ لیکن مسکراہٹ تنقید کا بہت اچھا جواب ہے ۔ میں نے کہیں پڑھا تھا کہ اب آپ ہرکسی کو گولی تو مارنے سے رہے اسلئے مسکراہٹ آپ پر کی جانے والی تنقید کا موثر اور ٹھوس جواب ہے ۔
مسکراہٹ آپ کو سماجی کردار ادا کرنے میں ممدو معاون ثابت ہوتی ہے ۔
مسکراہٹ سے آپکو سوشل ہونے میں بہت آسانی ہوتی ہے کیونکہ آُپ دنیا سےکٹ کر نہیں رہ سکتے ۔ آپ کو سماجی حیوان ہونے کے ناطے بات چیت تو کرنا پڑتی ہے ۔
مسکراہٹ پر کچھ خرچ نہیں ہوتا ۔
مفت چیز کس کو پسند نہیں ہوتی ، بس تو مسکراہٹ بالکل فری ہے اور مسکراتا ہوا چہرہ بیش قیمت ۔
میڈیکل سائنس کے مطابق وہ قہقہ آپ کو ہمیشہ تندرست رکھتا ہے جو مسکراہٹ سے شروع ہو کیونکہ براہ راست قہقہ لگانے سے ہارٹ فیل بھی ہو سکتا ہے ۔ تو جناب آپ مسکرائیے ضرورلیکن ایک حد میں ،ایسا نہ ہوکہ مسلسل مسکرانے سے لوگ آپ کو ایک مضحکہ خیز شخصیت ہی سمجھ لیں ۔