کراچی بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے 15رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔
بگ بیش ٹی ٹوئنٹی لیگ میں 16وکٹوں نے حارث رؤف کیلئے قومی ٹیم کا دروازہ کھول دیا۔ 26سالہ فاسٹ بولر کو ان کی شان دار کارکردگی کا انعام دیتے ہوئے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ تجربے کار کرکٹرز شعیب ملک اور محمد حفیظ جو ورلڈ کپ میں ناقص کار کردگی کے بعد ٹیم سے باہر تھے، ان پر ایک بار پھر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کا حصہ بنادیا گیا ہے، ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا ہے. کہ جس وقت انہیں باہر کیا گیا تھا، اس وقت بھی ان کی پرفارمنس اچھی تھی،
سابق کپتان سرفراز احمد سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے
بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے تین نوجوان کرکٹرز، احسان علی، حارث رؤف اور عماد بٹ کو پہلی مرتبہ قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ تجربہ کار شاہین شاہ آفریدی کی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ ٹیم سے اوپنر فخر زمان کو مکمل فٹ نہ ہونے کی وجہ سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا، نومبر میں آسٹریلیا کا دورہ کرنے والی قومی کرکٹ ٹیم میں شامل کھلاڑیوں میں 7 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ سیریز میں پاکستان کو 0-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل فخر زمان، آصف علی،حارث سہیل، امام الحق، وہاب ریاض، محمد عامر اور محمد عرفان کو ڈراپ کردیا گیا ۔ آصف علی، فخر زمان، محمد عامر، وہاب ریاض اور حارث سہیل سری لنکا کے خلاف سیریز میں بھی اسکواڈ کا حصہ تھے۔
سری لنکا نے پاکستان کے خلاف سیریز میں 0-3سے کامیابی حاصل کی تھی۔
اس بارے میں کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ وہ بنگلہ دیش کے خلاف اعلان کردہ ٹیم سے خوش ہیں، جس میں ان کی مشاورت بھی شامل ہے، قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ محمد حفیظ اور شعیب ملک کی شمولیت سے متعلق اپنی درخواست کی منظوری پر سلیکشن کمیٹی کے شکرگذار ہیں۔ بابر اعظم نے کہا کہ دونوں کرکٹرز اب بھی محدود فارمیٹ میں مزید کچھ عرصہ پاکستان کی نمائندگی کرنے کے اہل ہیں۔ احسان علی، عماد بٹ اور حارث رؤف جیسے باصلاحیت کرکٹرز کے انتخاب کے لیے یہ وقت موزوں ہے۔ وہ پرعزم ہیں کہ ہوم گراؤنڈ اور کنڈیشنز میں سیریز کے انعقاد سے تینوں کرکٹرز کے حوصلے بلند ہوں گے۔
بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم کی تشکیل میں میری مشاورت بھی شامل تھی ،
کوشش کی ہے کہ سینئر جونیئر کھلاڑیوں کا اچھا کامبی نیشن بنائیں تاکہ میچ ہارنے کے سلسلے کا خاتمہ ہو سکے۔ خیال رہے کہ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں سندھ کی نمائندگی کرنے والے 26سالہ احسان علی نے 5 میچوں میں148.86 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ131 رنز بنائے تھے۔ ایونٹ میں 24 سالہ آل رائونڈر عماد بٹ نے دس وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ170کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 80رنز بھی اسکور کیے۔ اعلان کردہ کھلاڑیوں میںبابراعظم، کپتان(سنٹرل پنجاب)، احسان علی (سندھ)، عمادبٹ (بلوچستان)، حارث رؤف (ناردرن)، افتخار احمد (خیبرپختونخوا)، عماد وسیم (ناردرن)، خوشدل شاہ (خیبرپختونخوا)، محمد حفیظ (سدرن پنجاب)، محمد حسنین (سندھ)، محمد رضوان، وکٹ کیپر( خیبرپختونخوا)، موسیٰ خان (ناردرن)، شاہین شاہ آفریدی (ناردرن)، شعیب ملک (سدرن پنجاب) اور عثمان قادر (سنٹرل پنجاب) شامل ہیں۔