اسلام آباد پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف بھی کورونا کا شکار ہوگئے۔
سابق وزیر اعظم کے صاحبزادے خرم پرویز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ان کے والد راجہ پرویز اشرف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد انہوں نے گھر میں خود کو قرنطینہ کرلیا ہے اور تمام مصروفیات ترک کردی ہیں۔ انہوں نے کارکنوں سے راجہ پرویز اشرف کی صحتیابی کیلئے دعاؤں کی اپیل بھی کی۔
خیال رہے کہ پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ کا جمعرات کی شب کورونا کے باعث انتقال ہوا ہے۔ وہ گزشتہ 10 روز سے اسلام آباد کے کلثوم انٹرنیشنل ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
علاوہ ازیں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا 9 نومبر کو کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد سے وہ آئسولیشن میں ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق جنرل محمد افضل کا علاج بریگیڈیئر ارشد کر رہے ہیں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے آئسولیشن کے دوران گھر سے کام جاری رکھیں گے۔